جمعہ 17 جنوری 2025 - 18:26
دہشتگردوں کا تواتر کے ساتھ کانوائے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ؛ ملک کے سیکیورٹی اداروں کی دفاعی رسد کو روکنے کی سازش ہے

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے لیے سامان لے جانے والے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ علاقے میں نا امنی پھیلانے کی بڑی سازش ہے، اس غیر انسانی اور بہیمانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، آئے روز دہشتگردی کے واقعات علاقے کو کسی بڑے بحران سے دوچار کر سکتے ہیں، صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ دہشتگردی میں ملوث شرپسندوں کیخلاف فوری آپریشن کا اعلان کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم کے لیے سامان لے جانے والے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ علاقے میں نا امنی پھیلانے کی بڑی سازش ہے، اس غیر انسانی اور بہیمانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، آئے روز دہشتگردی کے واقعات علاقے کو کسی بڑے بحران سے دوچار کر سکتے ہیں، صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ دہشتگردی میں ملوث شرپسندوں کیخلاف فوری آپریشن کا اعلان کریں، ٹل پاراچنار روڈ کو تمام اہلیان ضلع کرم کے لئے محفوظ اور پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کرے، ضلع کرم کے مشران، عمائدین اور علمائے کرام کو اس سنگین صورتحال پر قابو پانے کیلئے انسانی بنیادوں پر مخلصانہ کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا تواتر کیساتھ کانوائے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ ملک کے سیکیورٹی اداروں کی دفاعی رسد وآمدورفت کو روکنے کی سازش ہے، ضلع کرم کے غیور قبائل سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ موجودہ حالات میں متحد رہیں، کیونکہ یہی اتحاد ان فتنہ خوارج دہشتگردوں اور شرپسندوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا سکتا ہے، ہمیں ضلع کرم کے امن اور وحدت کے لیے مل کر ہر ممکن قدم اٹھانا ہو گا تاکہ پائیدار امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی بہتری اور علاقے کی دیرپا ترقی میں حصہ ملایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha